بنگلورو۔20جولائی(عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) میسور کی ڈپٹی کمشنر شیکھا کا راستہ روک کر انہیں دھمکی دینے اور ان کے ساتھ بدکلامی کرنے کے الزامات کا سامنا کررہے سابق ضلع پنچایت صدر کے مری گوڈا اور ان کے افراد خانہ عدالت کی طرف سے عرضی ضمانت مسترد کردئے جانے کے بعد روپوش ہوگئے ہیں۔وزیر اعلیٰ کے دست راست سمجھے جانے والے مری گوڈا نے ضلعی انتظامیہ سے زمین طلب کی تھی، ڈپٹی کمشنر نے اس عرضی کو خارج کردیاتھا، جس کے بعد آمنا سامنا ہونے پر مری گوڈا نے خاتون آئی اے ایس آفیسر کا راستہ روکا اورانہیں سخت سست کہا۔ جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے خود نظر آباد پولیس تھانہ پہنچ کر مری گوڈا کے خلاف شکایت درج کرائی۔ اس معاملے میں مری گوڈا نے پیشگی ضمانت کی عرضی دائر کی اور اس کے بعد سے وہ روپوش ہوگیا۔ اب عدالت کی طرف سے اس عرضی کو صاف طور پر مسترد کردئے جانے کے بعد مری گوڈا کا پورا خاندان ہی لاپتہ ہوچکا ہے۔ پولیس نے عدالت کی طرف سے عرضی ¿ ضمانت خارج کئے جانے کے بعد مری گوڈا کو خود سپردگی کرنے کیلئے کل نوٹس جاری کیا تھا۔ آج مری گوڈا کے لاپتہ ہوجانے کے سبب پولیس نے اس کی رہائش گاہ کے باہر خود سپردگی کا نوٹس چسپاں کردیا۔ تاہم کچھ دیر بعد ہی مری گوڈا کے گھر پر لگائی گئی پولیس نوٹس پھاڑ کر پھینک دی گئی۔ میسور کی ڈپٹی کمشنر سی شیکھا کو دھمکی دینے اور ان کے سرکاری کام کاج میں رکاوٹ بننے کے ساتھ ان کے ساتھ بدکلامی کے الزام میں مری گوڈا پر نظر آباد پولیس تھانہ میں مقدمہ باضابطہ درج کیا گیا ہے۔ میسور کی ساتویں اڈیشنل عدالت نے مری گوڈا کی عرضی ¿ ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔جس کے بعد پولیس کیلئے مری گوڈا کو گرفتار کرنا ناگزیر ہوگیاہے۔